شیعہ مذھب میں مذاق یا شدید غصے کی حالت میں بیوی کو طلاق دینا

دفعہ ۱ ضمن ۸ : طلاق دینے والا قصد اور ارادہ بھی رکھتا ہو

سنجیدہ حالت میں بغیر کسی مذاق کے طلاق کے صیغہ کو زبان سے جاری کرتے وقت طلاق دینے کا ارادہ بھی رکھتا ہو

جو شخص غیر ارادی طور پر نیند کی حالت میں یا مستی کے عالم میں یا بھول چوک سے یا غلطی سے یا مذاق کے طور پر ایسے سخت غصے کی حالت میں جس سے اس کا ارادہ سلب ہوجائے ، صیغہ طلاق جاری کرے تو اس کی طلاق واقع نہیں ہو گی ۔ اسی طرح اگر کوئی شخص سیکھانے کےلیے یا حکایت کرنے کی غرض سے یا تلقین کرنے یا اپنی بعض بیویوں کا دل رکھنے کےلیے طلاق کا صیغہ زبان پر لاتا ہے جب کہ سنجیدگی سے طلاق کا ارادہ نہیں کرتا تو بھی طلاق واقع نہیں ہو گی ۔

بیان اہل بیت علیہم السلام

عن اليسع قال: سمعت أبا جعفر عليه السلام يقول: لا طلاق إلا على السنة ولا طلاق على السنة إلا على طهر من غير جماع ولا طلاق على سنة وعلى طهر من غير جماع إلا ببينة ولو أن رجلا طلق على سنة وعلى طهر من غير جماع ولم يشهد لم يكن طلاقه طلاقا ولو أن رجلا طلق على سنة وعلى طهر من غير جماع وأشهد ولم ينو الطلاق لم يكن طلاقه طلاقا.

جناب یسع کہتے ہیں کہ میں نے حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کو فرماتے ہوئے سنا : طلاق فقط سنت کے مطابق واقع ہو گی اور سنت کے مطابق کوئی طلاق نہیں ہے سوائے اس کے کہ جو طہر غیر مواقعہ میں دی جائے اور کوئی بھی طلاق سنت کے مطابق اور طہر غیر مواقعہ میں بینہ (دو عادل گواہوں) کے بغیر صحیح نہیں ہو گی اور اگر کوئی شخص سنت کے مطابق اور غیر مواقعہ طہر میں طلاق دے جب کہ دو گواہ نا بنائے تو اس کی طلاق ، طلاق ہی نہیں ہو گی اور کوئی شخص سنت کے مطابق ، طہر غیر مواقعہ میں دو عادل گواہوں کی موجودگی میں صیغہ طلاق جاری کرے لیکن طلاق کی نیت نا کرے تو اس کی طلاق ، طلاق نہ ہو گی ۔

عن اليسع، عن أبي عبد الله عليه السلام، وعن عبد الواحد بن المختار، عن أبي جعفر عليه السلام أنهما قالا: لا طلاق إلا لمن أراد الطلاق.

یسع نے امام جعفرصادق علیہ السلام اور عبدالواحد بن مختار نے امام محمد باقر علیہ السلام سے روایت کی ہے کہ فرمایا : طلاق واقع نہیں ہو گی مگر اس شخص کی جو طلاق کا ارادہ کرے ۔

الفروع من الکافی ، شیخ کلینی ، جلد ۶ صفحہ ۶۲:نقل شدہ کتاب موسوعہ قوانین اسلام ، :قانون طلاق ، صفحہ ، ۶۹ تالیف : علامہ سید افتخارحسین نقوی ، پیشکش : مولانا تصورعباس خان سرگانی ، پرنسپل امام رضا کمپلیکس چوک اعظم ضلع لیہ