تعارف

تعارف

امام رضا کمپلیکس جنوبی پنجاب کے ضلع لیہ میں واقع ایک علمی، تعلیمی اور تربیتی ادارہ ہے، جس کا مقصد قرآن مجید اور مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کی روشنی میں ایسی نسل تیار کرنا ہے جو علم، اخلاق، تقویٰ، کردار اور خدمتِ خلق کے اعلیٰ اوصاف سے آراستہ ہو۔

ضلع لیہ اپنی جغرافیائی خصوصیات کی وجہ سے منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ اس کے مغرب میں دریائے سندھ بہتا ہے جبکہ مشرق میں تحصیل چوبارہ کا وسیع تھل اور صحرائی علاقہ واقع ہے۔ اسی ضلع کے اہم تجارتی شہر چوک اعظم کے قریب، ملتان۔میانوالی شاہراہ سے تقریباً دو کلومیٹر کے فاصلے پر بیس کنال اراضی پر امام رضا کمپلیکس قائم ہے، جو مستقبل میں جنوبی پنجاب کے ایک ممتاز علمی و تربیتی مرکز کے طور پر اپنی شناخت قائم کرنے کی سمت گامزن ہے۔۹۰ کی دہائی میں دینی ادارے کے لیے وقف ہونے والی زمین کی مولانا غلام قنبر عمرانی صاحب کی نگرانی میں کمیٹی بنائی گئی جنہوں نے کالونی اور دینی ادارے کی پلاٹنگ کی اور ان تمام کاموں میں مولانا غلام قنبر عمرانی اور حاجی محمد اسلم حیدری صاحب پیش پیش اور سرگرم رکن رہے ۔ جس کے بعد اس ادارے کی تعمیر کےلیے اور باقاعدہ ٹرسٹ رجسٹر کروانے کےلیے یہ زمین ممبراسلامی نظریاتی کونسل اور چیئرمین امام خمینی ٹرسٹ ماڑی انڈس میانوالی استاد العلماء علامہ سید افتخارحسین نقوی کے حوالے کی گئی اور ان کی زیرنگرانی باقاعدہ تعمیر شروع ہوئی ۔ اس ادارے کے بانیان میں مولوی مطلوب حسین صاحب آف شاہ پور کا نام بھی ہے جنہوں نے ابتدائی تعمیرات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور آج تک اس ادارے کے اکاونٹ اور حساب کتاب کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں ۔۲۰۰۴ میں جامع مسجد کی بنیاد رکھی گئی لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر کئی عرصہ یہ ادارہ تعطل کا شکار رہا ۔ اگرچہ روزانہ کی بنیاد پر بچیوں کی تعلیم و تربیت کا سلسلہ جاری رہا ۔یہاں تک کہ ۲۰۲۲ میں استاد العلماء علامہ سید افتخارحسین نقوی دامت برکاتہ نے حجۃ الاسلام والمسلمین تصورعباس خان سرگانی کو اس کا پرنسپل بنا دیا اور ٹرسٹ امام رضا کا جنرل سیکرٹری بھی مقرر کر دیا ۔

واضح رہے ؛امام رضا کمپلیکس ایک جامع تعلیمی منصوبہ ہے، جس کے مختلف شعبوں میں جامع مسجد، مدرسہ امام جواد علیہ السلام لتحفیظ القرآن والدراسات الاسلامیہ، جامعہ فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا للبنات، مرکز تربیتِ مبلغین، امام بارگاہ، ٹیکنیکل کالج اور البینات ریسرچ انسٹیٹیوٹ شامل ہیں۔ ان میں سے جامع مسجد، مدرسہ امام جواد علیہ السلام، زیر تعمیر امام بارگاہ اور البینات ریسرچ انسٹیٹیوٹ اس وقت فعال ہیں، جبکہ دیگر منصوبے مرحلہ وار تکمیل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

تعلیمی نظام

امام رضا کمپلیکس کا نمایاں امتیاز ایسا مربوط تعلیمی نظام ہے جس میں حفظِ قرآن، عصری تعلیم اور دینی تربیت کو ایک متوازن نصاب کے تحت یکجا کیا گیا ہے، تاکہ طالب علم ایک ہی وقت میں قرآن کریم کا حافظ بھی بنے، معیاری اسکولی تعلیم بھی حاصل کرے اور دینی علوم کی بنیادی استعداد بھی پیدا کرے۔

اس وقت پنجاب کے چھ اضلاع سے تعلق رکھنے والے 44 طلبہ کمپلیکس میں زیر تعلیم ہیں۔ یہ تمام طلبہ جدید تعلیمی نظام کے مطابق حفظِ قرآن کے ساتھ ساتھ مڈل کی تعلیم بھی حاصل کر رہے ہیں۔ اسی طرح سات طلبہ تین سال میں حفظِ قرآن مکمل کرنے کے بعد اب میٹرک کی تعلیم کے ساتھ روزانہ حفظِ قرآن کی تثبیت و دہرائی کر رہے ہیں، تاکہ ان کا حفظ مضبوط اور پائیدار رہے۔

حفظِ قرآن کے ساتھ ساتھ طلبہ کے لیے عقائد، فقہ، اخلاق، آدابِ اسلامی اور ابتدائی عربی زبان کی باقاعدہ کلاسز بھی منعقد ہوتی ہیں، تاکہ وہ قرآن کریم کے الفاظ کے ساتھ اس کے مفاہیم اور اسلامی تعلیمات سے بھی گہرا تعلق قائم کر سکیں۔

تعلیمی منصوبہ اس انداز سے ترتیب دیا گیا ہے کہ ابتدائی دو برسوں میں طلبہ جدید طریقۂ حفظ کے ذریعے قرآن کریم کے بڑے حصے کو یاد کرتے ہوئے چھٹی اور ساتویں جماعت کی تعلیم مکمل کرتے ہیں۔ تیسرے سال حفظ کے ساتھ آٹھویں جماعت، عقائد اور عربی ادب کی تعلیم شروع ہوتی ہے، جبکہ چوتھے اور پانچویں سال میں نویں اور دسویں جماعت کی تعلیم کے ساتھ حفظِ قرآن کی مسلسل دہرائی، تثبیت اور ابتدائی حوزوی تعلیم دی جاتی ہے۔

اس نظام کا مقصد یہ ہے کہ جب طالب علم پانچ سالہ تعلیمی سفر مکمل کرے تو وہ حافظِ کل قرآن، میٹرک پاس اور دینی علوم کی ابتدائی تعلیم سے آراستہ ہو، تاکہ وہ آئندہ دینی یا عصری تعلیم کے کسی بھی میدان میں اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ سکے۔

تربیتی ماحول

امام رضا کمپلیکس میں تعلیم کے ساتھ تربیت کو یکساں اہمیت دی جاتی ہے۔ طلبہ کی دینی، اخلاقی، فکری، جسمانی اور سماجی نشوونما کے لیے منظم تربیتی پروگرام ترتیب دیے جاتے ہیں۔ روزمرہ نظم و ضبط، عبادات، اجتماعی زندگی، مطالعہ، خدمت، صفائی اور ذمہ داری کے احساس کو عملی تربیت کا حصہ بنایا گیا ہے۔

طلبہ کی جسمانی صحت اور متوازن شخصیت کی تشکیل کے لیے کمپلیکس میں وسیع کھیل کا میدان موجود ہے، جہاں مختلف کھیلوں اور ورزش کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

رہائش و کفالت

کمپلیکس میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے رہائش، خوراک اور دیگر بنیادی ضروریات کا انتظام اہلِ خیر اور مخیر حضرات کے تعاون سے کیا جاتا ہے۔ ادارہ اس تعاون کو ایک دینی امانت سمجھتے ہوئے طلبہ کی بہترین تعلیم و تربیت پر صرف کرتا ہے۔

علمی و تربیتی سرگرمیاں

سال بھر مقیم طلبہ کے نصابی پروگرام کے علاوہ مختلف عمر کے نوجوانوں کے لیے متعدد علمی و تربیتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ان میں مڈل، میٹرک اور ایف اے کے طلبہ کے لیے شارٹ کورسز، سنڈے کلاسز، ایامِ عزا کی مجالس، ایامِ ولادت کی محافل، ماہِ رمضان میں محافلِ انس بالقرآن، ربیع الاول میں میلاد النبی ﷺ سیمینار اور دیگر فکری و تربیتی پروگرام شامل ہیں۔

وژن

امام رضا کمپلیکس کا وژن ایسے باعلم، بااخلاق، باکردار اور ذمہ دار افراد کی تربیت ہے جو قرآن کریم، مکتبِ اہل بیت علیہم السلام اور اسلامی اقدار سے وابستہ رہتے ہوئے اپنے معاشرے، وطن اور امتِ مسلمہ کی خدمت میں مؤثر کردار ادا کریں۔

امام رضا کمپلیکس ایک نظر میں

  • 📍 مقام: چوک اعظم، ضلع لیہ، پنجاب، پاکستان
  • 🌿 رقبہ: 20 کنال
  • 👨‍🎓 زیر تعلیم طلبہ: 44 رہائشی طلبہ
  • 🗺 طلبہ: پنجاب کے 6 اضلاع سے
  • 📖 تعلیمی نظام: حفظ قرآن، مڈل، میٹرک اور دینی تعلیم
  • 🎓 حفاظ: 7 طلبہ میٹرک کے ساتھ حفظ کی تثبیت کر رہے ہیں
  • 🏠 رہائش: مکمل رہائشی نظام
  • 🍽 قیام و طعام: مخیر حضرات کے تعاون سے
  • ⚽ سہولیات: وسیع کھیل کا میدان اور ورزش کی سہولت
  • 🕌 موجودہ منصوبے: جامع مسجد، مدرسہ امام جوادؑ، البینات ریسرچ انسٹیٹیوٹ، زیر تعمیر امام بارگاہ

ہماری خصوصیات

  • حفظِ قرآن، عصری تعلیم اور دینی تربیت کا مربوط تعلیمی نظام۔
  • محدود مدت میں حفظِ قرآن کے ساتھ مڈل اور میٹرک کی تعلیم مکمل کرنے کا منظم نصاب۔
  • حفظ کے بعد قرآن کریم کی مضبوط تثبیت اور مسلسل دہرائی کا خصوصی نظام۔
  • عقائد، فقہ، اخلاق اور عربی زبان کی تدریجی تعلیم۔
  • مکمل رہائشی، تربیتی اور تعلیمی ماحول۔
  • کردار سازی، نظم و ضبط، عبادت، مطالعہ اور خدمتِ خلق پر خصوصی توجہ۔
  • کھیل، ورزش اور جسمانی نشوونما کے لیے مناسب سہولیات۔
  • اہلِ خیر کے تعاون سے مستحق اور باصلاحیت طلبہ کے لیے مفت قیام و طعام۔
  • جنوبی پنجاب میں قرآن، علم، تربیت اور خدمتِ دین کا ایک ابھرتا ہوا مرکز۔